میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) گھوٹکی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ساتویں جماعت کے مغوی طالبعلم زاہد حسین چاچڑ کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ورثاء نے بچے کی بحفاظت واپسی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق زاہد حسین ولد ترس محمد چاچڑ کو 30 جنوری 2025 کو تھانہ اباوڑو کی حدود گوٹھ خمیسو چاچڑ سے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو نے بچے کی بازیابی کے لیے ڈی ایس پی اباوڑو عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
آج صبح خفیہ اطلاع پر پولیس ٹیم نے رینی کینال کے قریب گوٹھ کیھر رند میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بازیاب کروا لیا۔ پولیس ٹیم میں ایس ایچ او کھمبڑا امام دین چانڈیو، ایس ایچ او اباوڑو محمد رمضان ملاح، ایس ایچ او ریتی امجد اقبال مغل، اور انچارج چوکی کموں شہید شاہد حسین کلہوڑو شامل تھے۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرکے بچے کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو نے پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے کامیاب کارروائی پر تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔