اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) حکومت پنجاب نے ایران میں قتل ہونے والے آٹھ پاکستانی مزدوروں کے لواحقین کو مالی امداد کے طور پر فی خاندان 10 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کر دیے۔ یہ امدادی تقریب اویسی ہاؤس خانقاہ شریف اور احمد پور شرقیہ میں منعقد ہوئی، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نمائندگی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں محمد عثمان نجیب اویسی نے کی۔

تقریب میں میاں شعیب اویسی، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق، اسسٹنٹ کمشنر قراۃ العین اور محمد نوید حیدر بھی شریک ہوئے۔ میاں عثمان نجیب اویسی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کو اپنی اولین ترجیح بنایا، حکومت پنجاب دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے امدادی عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام چیک بروقت اور منظم طریقے سے تقسیم کیے گئے۔ لواحقین نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی امداد ان کے دکھ بانٹنے کا عملی مظہر ہے۔ مقامی معززین اور سماجی رہنماؤں نے بھی حکومت کے اس اقدام کو سراہا۔

Shares: