اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)موضع کوئلہ باقر شاہ، تحصیل احمد پور شرقیہ میں سابق فوڈ انسپکٹر سید عطر حسین شاہ کی 120 کنال قیمتی اراضی برسوں سے غیر قانونی قبضہ مافیا کے قبضے میں تھی، جسے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریونیو اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے ذریعے مکمل طور پر واگزار کرا لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ اراضی طویل عرصے سے مختلف حربوں سے قبضہ مافیا کے زیر قبضہ تھی اور کئی بار قانونی کارروائی کے باوجود بااثر عناصر زمین چھوڑنے پر آمادہ نہیں تھے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے وارنٹ قبضہ پر سخت عمل درآمد کرتے ہوئے قبضہ ختم کرایا اور زمین اصل مالک کے حوالے کر دی۔

کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے بڑی تعداد میں موجود تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا نے ابتدائی مرحلے میں کارروائی روکنے کی کئی کوششیں کیں، لیکن انتظامیہ کی سنجیدہ اور بروقت کارروائی نے تمام رکاوٹیں دور کر دیں۔

سابق فوڈ انسپکٹر سید عطر حسین شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ بروقت مداخلت نہ کرتی تو قبضہ مافیا مزید مضبوط ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ثابت کرتی ہے کہ پنجاب حکومت شہریوں کے ملکیتی حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہے اور کسی بھی بااثر گروہ کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

عوامی حلقوں نے بھی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ تحصیل احمد پور شرقیہ سمیت پورے ضلع میں قبضہ مافیا کے خلاف مستقل بنیادوں پر سخت آپریشن جاری رکھا جائے تاکہ مزید شہری برسوں پرانے تنازعات سے نجات حاصل کر سکیں۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ یہ کامیاب کارروائی شہریوں کے ملکیتی حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا، چاہے بااثر کیوں نہ ہو، کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

اس کامیاب آپریشن کے بعد مقامی سطح پر عوامی حلقوں میں اطمینان اور حکومت کے اقدامات کی تعریف کی جا رہی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مزید علاقوں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ ضلع بھر میں غیر قانونی قبضہ مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

Shares: