مزید دیکھیں

مقبول

منشیات کا باپ، آئس کا نشہ

منشیات کا باپ، آئس کا نشہ تحریر: محمد سعید گندی ...

جوڈیشل کمیشن اجلاس: آئینی بینچ میں دو نئے ججز کا اضافہ

اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے آئینی بینچ میں...

پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ جہلم جیل منتقل

پی ٹی آئی رہنما اور چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ...

اوچ شریف: 700 سالہ تاریخی قبرستان حکومتی غفلت کا شکار، مقدس مقام کچرا کنڈی میں تبدیل

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) پاکستان کے تاریخی اور روحانی ورثے کا حامل اوچ شریف کا 700 سالہ قدیم قبرستان حکومتی عدم توجہی اور بلدیاتی اداروں کی مجرمانہ غفلت کی بدترین مثال بن چکا ہے۔ مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمہ اللہ علیہ کے مقبرے کے قریب واقع اس قبرستان میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، آوارہ جانوروں کی بھرمار اور بدبو و تعفن نے مقدس مقام کی حرمت کو پامال کر رکھا ہے۔ مقامی افراد اور زائرین کی بارہا شکایات کے باوجود حکام نے کوئی اقدامات نہیں کیے، قبروں کی بے حرمتی، بدبو اور گندگی سے زائرین پریشان، قبروں کی بے حرمتی پر شہری سراپا احتجاج

تفصیلات کے مطابق تاریخی قبرستان میں دفن اولیائے کرام، بزرگانِ دین اور کئی صدیوں سے یہاں مدفون افراد کی قبریں گندگی اور کوڑے کے ڈھیروں میں دب چکی ہیں۔ کچھ قبروں کے کتبے اور تعویذ کچرے کے اندر غائب ہو چکے ہیں، جبکہ ٹوٹی ہوئی دیواروں کی وجہ سے قبرستان میں آوارہ جانور دندناتے پھر رہے ہیں۔ شہریوں نے صورتحال کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک قبرستان نہیں، بلکہ ہمارے آبا و اجداد اور روحانی شخصیات کی آخری آرام گاہ ہے، جس کی بے حرمتی ناقابلِ برداشت ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے "صاف ستھرا پنجاب” مہم کے دعوے کیے جا رہے ہیں، مگر اوچ شریف کا تاریخی قبرستان ان بلند و بانگ دعوؤں کی قلعی کھول رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وعدے صرف کاغذی ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ حقیقت میں عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

معروف سماجی و مذہبی شخصیت مخدوم سید شان بخاری نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے بارہا متعلقہ اداروں کو درخواست دی کہ قبرستان کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، مگر ہمیں ہر بار نظر انداز کر دیا گیا۔ یہ 700 سال پرانی جگہ ہماری تاریخ اور روحانی ورثہ ہے، اس کی بے حرمتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو ہم بھرپور عوامی احتجاج کریں گے۔”

اہلیانِ اوچ شریف نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور میونسپل کمیٹی کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر قبرستان کی صفائی اور بحالی کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا اور بھرپور عوامی احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ قبرستان محض ایک عام قبرستان نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور قومی ورثہ ہے، جس کی حفاظت حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو یہ صرف اوچ شریف ہی نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بن سکتا ہے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں