اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) شہر میں پانچ ہزار روپے کے جعلی نوٹوں کی یلغار، تاجر پریشان، قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش
اوچ شریف میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی جعلی کرنسی مافیا سرگرم ہو گیا ہے۔ بازاروں میں پانچ ہزار روپے مالیت کے جعلی نوٹ کھلے عام گردش کر رہے ہیں، جس سے تاجروں، دکانداروں اور شہریوں میں شدید تشویش پھیل چکی ہے۔ مقامی تاجروں کے مطابق یہ جعلی نوٹ اس قدر مہارت سے تیار کیے گئے ہیں کہ اصلی اور نقلی میں فرق کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
خریداروں کے رش اور کاروباری مصروفیات کے باعث دکاندار نوٹ چیک کرنے سے قاصر رہتے ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعل ساز سرگرم عمل ہیں۔ صرف چند روز میں متعدد دکانداروں کو ہزاروں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق، گردش میں موجود جعلی نوٹ نہایت اعلیٰ معیار کے کاغذ اور پرنٹنگ کے ساتھ بنائے گئے ہیں۔ ان میں واٹر مارک، سیکیورٹی تھریڈ اور دیگر حفاظتی علامات کی اس قدر حقیقی نقالی کی گئی ہے کہ عام آنکھ یا حتیٰ کہ نوٹ چیکنگ مشین کے بغیر پہچاننا دشوار ہو گیا ہے۔
شہریوں اور تاجروں نے ڈی پی او بہاولپور اور آر پی او بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو یہ مافیا مزید پھیل جائے گا، جس کے منفی اثرات مقامی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔ تاجر برادری نے حکومت سے بینکوں میں تربیتی کیمپ اور جعلی نوٹوں کی پہچان سے متعلق عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔