اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے بستی چاکر خان کے مقام پر دریائے ستلج میں نہاتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں نوجوان کشتی کے ذریعے دریا عبور کر کے نہانے کے لیے پانی میں اترے، مگر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث ایک نوجوان تیز لہروں کی نذر ہو کر ڈوب گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں افراد نے بغیر کسی حفاظتی جیکٹ یا تیراک کی مدد کے دریا میں چھلانگ لگا دی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کر دی، جب کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم کو بھی اطلاع دے دی گئی۔
تاہم ڈوبنے والے نوجوان کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ دریا کے کنارے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔