اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) مخدوم سید علی حسن گیلانی شہید چوک پر فلائی اوور کی تعمیر نہ ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں شدت آ چکی ہے، جس میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں اور کئی مستقل طور پر معذور ہو گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف کے علاقے میں روزانہ لاکھوں افراد کی آمد و رفت ہوتی ہے، تاہم یہاں سڑک پار کرنے کے لیے کوئی پل نہ ہونے کے باعث حادثات کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں بیس سے زائد افراد ان حادثات کا شکار ہوئے، جن میں سے درجنوں مستقل معذور ہو چکے ہیں۔ حالیہ واقعہ میں اوچ شریف کے رہائشی ملک رفیق احمد ڈوڈی فلائی اوور نہ ہونے کی وجہ سے ایک تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ گئے اور جان کی بازی ہار گئے۔
شہریوں نے منتخب نمائندگان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دیں اور کم از کم دو فلائی اوور پل تعمیر کریں تاکہ شہریوں کو سڑک عبور کرنے کے لیے محفوظ سہولت میسر آ سکے اور مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔