اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جہاں مسلح ڈاکو بے خوف ہو کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں حسینی چوک روڈ پر واقع ایک کنفیکشنری شاپ پر پانچ مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق تاجر عاقب خان کی کنفیکشنری شاپ پر گزشتہ رات تقریباً 8 بجے پانچ مسلح ڈاکو ایک گاڑی میں سوار ہو کر پہنچے۔ ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر دکاندار اور عملے کو یرغمال بنایا اور دکان سے 1 لاکھ 10 ہزار روپے نقدی اور 1 لاکھ روپے مالیت کے دو قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو واردات کے بعد تیزی سے موقع سے نکل گئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی۔
شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو گشت بڑھانا چاہیے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔








