اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) فارمی انڈوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ سرکاری ریٹ 322 روپے فی درجن مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں انڈے 30 سے 35 روپے فی انڈہ کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ اسٹاک مافیا نے وئیر ہاؤسز اور گوداموں میں انڈے ذخیرہ کر رکھے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی انڈوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں محمد عابد، شیر احمد، علی رضا اور دیگر نے بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سرمایہ داروں نے انڈوں کی پیٹیاں بڑی مقدار میں اسٹاک کر لی ہیں تاکہ مزید سردی میں مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانی قیمتوں پر فروخت کر سکیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی امید معدوم ہوتی جا رہی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سرکاری نرخوں کے مطابق انڈوں کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور عوام کو لوٹ مار سے بچایا جا سکے۔

Shares: