اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف کی مویشی منڈی میں جعلی نوٹوں کے ذریعے بکرا خرید کر فرار ہونے کی کوشش میں 2 فراڈیئے عوامی ہتھے چڑھ گئے، جن کی خوب درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز مویشی منڈی میں علی رضا نامی ایک فراڈیئے نے اپنے ساتھی بلال کے ہمراہ ایک بکرا خریدا۔ بکرا مالک کو ہزار ہزار روپے کے جعلی نوٹ تھما کر، دونوں بکرا لے کر کار میں سوار ہو کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
بکرا مالک کو نوٹوں پر شک گزرا تو اس نے لوگوں کو دکھایا، جنہوں نے نوٹ جعلی ہونے کی تصدیق کی۔ اس پر مالک نے شور مچا دیا، اور سڑک پر رش کی وجہ سے پھنسی ہوئی کار کے سوار فراڈیئے گھبرا کر گاڑی سے نکل کر بھاگنے کی کوشش میں پکڑے گئے۔ ایک شخص گاڑی سے نکل کر بھاگنے کی کوشش میں پکڑا گیا، جبکہ دوسرا شخص بکرے اور کار سمیت لوگوں کے ہاتھ آ گیا۔ مشتعل افراد نے دونوں فراڈیوں کی خوب درگت بنائی اور پھر انہیں تھانہ اوچ شریف پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا ہے، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔