اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے سرکاری سکولوں میں داخلے کی ترغیب دینے کے لیے اوچ شریف میں ایک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، والدین اور سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالروف سپرا نے خطاب کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 5 سال تک کے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں، جہاں معیاری تعلیم اور بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اساتذہ اپنی انتھک محنت سے بہترین نتائج دیں گے تاکہ بچوں کا مستقبل روشن ہو۔
سماجی رہنما ناصر خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ انہیں معیاری اور مفت تعلیم میسر آ سکے۔ ناصر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بچوں کے لیے وظائف اور والدین کی معاونت کے لیے خصوصی پروگرام بھی متعارف کرائے جائیں تاکہ کم وسائل والے گھرانوں کو مدد فراہم کی جا سکے۔
ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "تعلیم سب کے لیے”، "معیاری تعلیم، روشن مستقبل” جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی، جہاں مقررین نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام کو سرکاری اسکولوں میں داخلے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔