اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں حال ہی میں تعمیر کی گئی سڑک پہلی ہی بارش میں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ چوک بھٹہ روڈ موچی والی سولنگ تا کوٹلہ شیخاں تک نئی کارپٹ سڑک حالیہ بارشوں کے باعث جگہ جگہ سے بیٹھ گئی ہے، اور سڑک کناروں پر خطرناک گڑھے بن چکے ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر بننے والے گہرے کھڈے نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ کئی موٹر سائیکل سوار اور گاڑیاں ان کھڈوں میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔ عوام نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ناقص تعمیرات ناقص میٹریل، کمیشن مافیا اور محکمہ ہائی وے کی غفلت کا نتیجہ ہیں۔
شہریوں نے محکمہ ہائی وے کی غیر سنجیدگی اور سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھڈوں کو پر کرنے کے لیے کوئی مستقل اور تکنیکی حل نہیں اپنایا جا رہا، جبکہ عملہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ بارشوں کے بعد سڑک پر پانی کھڑا ہونے سے صورتحال مزید خطرناک ہو گئی ہے۔
مقامی رہائشیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر مرمت نہ کی گئی تو یہ سڑک جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام، منتخب نمائندگان اور محکمہ ہائی وے فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں، اور اس کی شفاف انکوائری کرا کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔