اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے بخت واہ نہر، بستی جندو خان بلوچ کے مقام پر آج ایک ہولناک ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار لوڈر منی ٹرک پل پر چڑھتے ہوئے اچانک موڑ کاٹتے وقت بے قابو ہو کر پل سے نیچے جا گرا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دیکھنے والوں کے دل دہل گئے، تاہم خوش قسمتی سے ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

عینی شاہدین کے مطابق لوڈر منی ٹرک جیسے ہی نہر کے پل پر پہنچا، تو تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور ٹرک نیچے نہر کے کنارے جا گرا۔ حادثہ ہوتے ہی قریبی علاقے کے رہائشی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ مقامی افراد نے ڈرائیور کو گاڑی سے بحفاظت نکال لیا، جسے صرف معمولی چوٹیں آئیں۔

علاقہ مکینوں نے واقعے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حادثہ خطرناک نوعیت کا تھا، لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے انسانی جان کا ضیاع نہیں ہوا، جو کہ ایک بڑا معجزہ ہے۔ واقعے نے ایک بار پھر سڑکوں پر تیز رفتاری کے سنگین نتائج کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔

مقامی انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے مقامات پر احتیاطی سائن بورڈز نصب کیے جائیں اور ٹریفک قوانین کی مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

Shares: