اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے بستی عبدالستار آرائیں میں محفل میلاد النبی ﷺ کا روح پرور انعقاد کیا گیا، جس میں قاری سمیع اللہ نے خصوصی خطاب کیا اور دعا کرائی۔
تفصیلات کے مطابق اس محفل میلاد کا اہتمام حاجی محمد یوسف کی میزبانی میں کیا گیا، جس میں آقا دو جہاں، رحمت للعالمین ﷺ کی آمد کی خوشی میں ذکر مصطفیٰ ﷺ کی محافل سجائی گئیں۔ اس موقع پر حاجی احمد خان گوپانگ، عطاء اللہ آرائیں، محمد آصف، عبدالحمید اعوان اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
قاری سمیع اللہ نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ سے محبت کو ایمان کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے اور دنیا میں امن و انصاف کا بول بالا ہوا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اپنی اصلاح کی تلقین کی۔
قاری مجیب الرحمن اور قاری ساجن نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد سے ظلم و جبر کا خاتمہ ہوا اور دنیا میں روشنی اور ہدایت پھیل گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلاد النبی ﷺ کو منانا ہماری عقیدت اور محبت کی علامت ہے اور ہم ہمیشہ اس سنت کو زندہ رکھیں گے۔
اس محفل کے انعقاد میں حاجی محمد یونس کھرل، محمد بشیر، خرم بشیر، شاہزیب محمد حسین، محمد شعیب حسین، سبحان محمد حسین اور محمد سفیان حسین نے خصوصی تعاون کیا۔