اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اسلام نگر اوچ شریف کی رہائشی بیوہ خاتون کوثر بی بی انصاف کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ آنکھوں میں آنسو، زبان پر فریاد، اور دل میں خوف لیے کوثر بی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اُسے تحفظ دیا جائے اور اُس کا چھینا گیا مکان واپس دلوایا جائے۔

کوثر بی بی کے مطابق اُس کے شوہر سید محمد رمضان شاہ نے اپنی زندگی میں ہی ڈھائی مرلہ مکان اس کے نام کر دیا تھا تاکہ وہ بیوی کی حیثیت سے باعزت زندگی گزار سکے۔ مگر شوہر کی وفات کے بعد اس کے بھائی، دوسری بیوی، بیٹے اور سوتن کے دیور اختر نے مبینہ طور پر گٹھ جوڑ کر کے مکان پر قبضہ جما لیا اور اُسے زبردستی بے دخل کر دیا۔

بیوہ خاتون کا کہنا ہے کہ صرف بے گھر ہی نہیں کیا گیا بلکہ اب ان افراد کی جانب سے روزانہ حراساں کیا جا رہا ہے۔ کوثر بی بی نے بتایا کہ وہ مسلسل دھمکیوں، کردارکشی اور عزت پامال کیے جانے جیسے حالات کا شکار ہے۔

اپنی تحریری درخواست میں کوثر بی بی نے تمام شواہد بھی پیش کیے ہیں اور کہا ہے کہ اگر اُسے انصاف نہ ملا تو وہ خود سوزی پر مجبور ہو جائے گی۔ اس کا کہنا تھا: "کیا بیوہ ہونا جرم ہے؟ کیا ہم اس معاشرے میں صرف مرنے کے لیے رہ گئے ہیں؟”

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کوثر بی بی نہایت شریف اور سادہ لوح خاتون ہے جس کے ساتھ شدید ظلم روا رکھا جا رہا ہے۔ اگر مقامی انتظامیہ نے فوری مداخلت نہ کی تو یہ معاملہ ریاستی نااہلی اور انسانیت سوز غفلت کی علامت بن جائے گا۔

Shares: