اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان)اسلام آباد کے تربیلا ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والا اوچ شریف کا نوجوان محمد علی اکبر مانک تین روز کی مسلسل تلاش کے بعد مردہ حالت میں مل گیا، جس کے بعد چک مانک گاؤں میں کہرام مچ گیا اور علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔
محمد علی اکبر مانک، جو روزگار کے سلسلے میں اسلام آباد میں مقیم تھا، تین روز قبل دوستوں کے ہمراہ تفریح کے لیے غازی تربیلا ڈیم گیا تھا، جہاں نہاتے ہوئے وہ اچانک گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے تین دن مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا اور آج بالآخر اس کی لاش برآمد کر لی گئی۔
لاش کی اطلاع جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، گاؤں میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی، والدین اور عزیز و اقارب پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ اسلام آباد میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں دوست احباب اور اہل علاقہ نے شرکت کی، بعدازاں میت کو آبائی گاؤں چک مانک منتقل کیا گیا جہاں آج تدفین عمل میں لائی جائے گی۔
اہل علاقہ نے نوجوان کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہر دل کو دہلا دینے والا ہے اور والدین کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے۔