اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ ضلع بہاولپور کے مختلف علاقوں میں دو المناک حادثات نے فضاء کو سوگوار کر دیا۔ ایک جانب شالیمار ایکسپریس کی زد میں آ کر 12 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، تو دوسری جانب چھت گرنے کے واقعے میں ماں اور بیٹی زخمی ہو گئیں۔

پہلا واقعہ اوچ شریف ریلوے پھاٹک پر پیش آیا، جہاں بہاولپور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی زد میں آ کر 12 سالہ منیب ولد منیرجو کہ بستی کھور کا رہائشی تھا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق منیب ریلوے لائن عبور کر رہا تھا کہ اچانک تیز رفتار ٹرین آ گئی اور وہ جان بچانے کا موقع نہ پا سکا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ واقعے کی اطلاع پر اہل علاقہ، رشتہ دار اور والدین جائے حادثہ پر پہنچے، جہاں کہرام برپا ہو گیا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔

دوسرا واقعہ احمد پورشرقیہ کے علاقے "حمزہ ٹاؤن” میں پیش آیا، جہاں ایک گاڈر ٹی آر والے مکان کی کچی چھت پر کنسٹرکشن جاری تھی کہ اچانک وزن زیادہ ہونے سے چھت زمین بوس ہو گئی۔ ریسکیو 1122 کنٹرول روم کے مطابق اس حادثے میں 13 سالہ آمنہ بی بی دختر محمد اکبر کو سر پر چوٹ آئی جبکہ 46 سالہ زاہدہ بی بی زوجہ محمد اکبر کے منہ پر زخم آئے۔ اہل خانہ نے دونوں زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ابتدائی طبی امداد دلوائی۔ ریسکیو عملے نے دونوں زخمیوں کو ٹی ایچ کیو احمد پور منتقل کر دیا۔

شہریوں نے ان دونوں واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے پھاٹکوں پر سیکیورٹی اور حفاظتی عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کاموں میں حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرایا جائے تاکہ آئندہ ایسے دردناک حادثات سے بچا جا سکے۔

Shares: