اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) سب تحصیل اوچ شریف میں بینک آف پنجاب کی برانچ نہ ہونے کے باعث سرکاری ملازمین، اراضی مالکان اور کاروباری طبقے کو روزمرہ امور کی انجام دہی میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ فیسوں کی ادائیگی اور دیگر معاملات کے لیے شہریوں کو 22 کلومیٹر دور احمد پور شرقیہ جانا پڑتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 45 سے زائد مواضعات اور دو قانون گوئی پر مشتمل اس علاقے میں بینک آف پنجاب کی عدم موجودگی سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے لیے خاص طور پر پریشان کن ہے، جنہیں نان سیلری بجٹ اور دیگر فنڈز کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے تعلیمی امور متاثر ہو رہے ہیں۔

اسی طرح اسٹامپ پیپرز کے اجرا کے لیے بھی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لینڈ ریکارڈ سینٹر کی موجودگی کے باوجود رجسٹریوں اور انتقالات کے سلسلے میں سرکاری فیسوں کی ادائیگی کے لیے احمد پور شرقیہ جانا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کا وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ اضافی اخراجات بھی برداشت کرنے پڑتے ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف میں فوری طور پر بینک آف پنجاب کی برانچ قائم کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو اور نیشنل بینک پر موجود دباؤ کم ہو سکے۔

Shares: