اوچ شریف: برطانوی ہائی کمشنر کا دورہ، تاریخی حیثیت کو سراہا

اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) برطانوی ہائی کمشنر کااوچ شریف کا دورہ، تاریخی ورثے اور اولیائے کرام کی سرزمین کو خراج تحسین کیا

تفصیلات کے مطابق برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کے نمائندے جیک ویدر نے اپنے وفد کے ہمراہ تاریخی شہر اوچ شریف کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اولیائے کرام کی سرزمین پر آنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور اوچ شریف کی تاریخی و روحانی اہمیت کو سراہتے ہوئے اسے ایک یادگار تجربہ قرار دیا۔

برطانوی وفد نے شمس محل کا وزٹ کیا اور دربار حضرت محبوب سبحانی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی (سابق ایم پی اے) سے خصوصی ملاقات کی۔ دربار کے ولی عہد مخدوم زادہ سید عمر رضا گیلانی نے مہمانوں کو دربار کی زیارت کروائی اور نادر تاریخی نوادرات دکھائے۔

جیک ویدر نے کہا کہ اوچ شریف کی تاریخی و روحانی عظمت کو نہ صرف پاکستان بلکہ یورپ، بالخصوص برطانیہ میں بھی بڑی عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوچ شریف کا ورثہ پاکستان کی ثقافتی و تاریخی شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔

برطانوی وفد کے دورے کو مقامی سطح پر بھرپور سراہا گیا، اور شہریوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی شخصیات اوچ شریف کے روحانی اور ثقافتی ورثے کو تسلیم کر رہی ہیں۔

سجادہ نشین مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے برطانوی وفد کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے دورے مستقبل میں ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ وفد کو اوچ شریف کے اولیاء کرام کے مزاروں اور دیگر تاریخی مقامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

جیک ویدر اور ان کا وفد اپنے دورہ اوچ شریف سے نہایت متاثر ہوا اور انہوں نے شہر کی تاریخی اور روحانی عظمت کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا۔ وفد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اوچ شریف کا ورثہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اہمیت کا حامل ہے اور ایسے مقامات کو محفوظ بنانا انتہائی ضروری ہے۔

Comments are closed.