اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)موضع اوچ گیلانی میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک گھریلو خاتون شبانہ بی بی زوجہ محمد طارق پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اس کے طلائی زیورات اور قیمتی موبائل فون لوٹ لیا، بعدازاں خاتون اور اس کے شوہر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ خاتون نے تھانہ اوچ شریف میں دی گئی درخواست میں بتایا کہ محمد بلال نامی شخص کافی عرصے سے اسے ہراساں کر رہا تھا۔ شوہر محمد طارق کی جانب سے بلال کو روکنے پر اس نے ساتھیوں امیر بخش، احمد یار، اقبال اور دیگر کے ہمراہ شبانہ بی بی کے گھر پر حملہ کیا۔ ملزمان زبردستی گھر میں گھسے، خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس کی انگلی سے طلائی انگوٹھی اتاری، قیمتی موبائل چھینا، اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
واقعے کے دوران شوہر محمد طارق جب بیوی کی چیخ و پکار سن کر پہنچے تو انہیں بھی ڈنڈوں اور لوہے کی سلاخوں سے شدید زد و کوب کیا گیا۔ اطلاع پر تھانہ اوچ شریف پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 379/25 درج کر لیا جس میں دفعات 148، 149، 354، 337ف، 506، 457، اور 379 ت پ شامل کی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے، لوٹا گیا سامان واپس دلوایا جائے اور ان کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شدید خوف میں زندگی گزار رہے ہیں اور انصاف کے بغیر ان کی سلامتی خطرے میں ہے۔
علاقہ مکینوں نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری اور سخت ایکشن لیں تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جرأت نہ ہو۔ پولیس نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔