اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن نے مقامی مارکیٹ میں جنرل اسٹورز پر اسرائیلی مصنوعات کی موجودگی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ان مصنوعات کے فوری بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو مصنوعات اسرائیل میں تیار ہوتی ہیں یا اسرائیلی کمپنیوں سے منسلک ہیں، ان کی خرید و فروخت دراصل فلسطینی مسلمانوں کے قاتلوں اور ظالموں کی مالی مدد کے مترادف ہے۔ انہوں نے اسٹور مالکان کو سختی سے خبردار کیا کہ وہ اپنی دکانوں سے اسرائیلی مصنوعات یا ان کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے برانڈز فوری طور پر ہٹا دیں۔
عمر خورشید سہمن نے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں، عورتوں اور بزرگوں پر بم برسائے جا رہے ہیں، ان کے گھروں کو ملبے کا ڈھیر بنایا جا رہا ہے اور ایسے حالات میں اگر ہم اسرائیلی مصنوعات خریدتے ہیں تو یہ نہ صرف ہمارے ایمان اور ضمیر کے خلاف ہے بلکہ انسانیت کے بھی خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں نعرے لگانے یا پوسٹس کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اصل جدوجہد اور حقیقی حمایت تب ہی ممکن ہے جب ہم عملی طور پر اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اور اپنی روزمرہ زندگی میں مقامی یا مسلم ممالک کی مصنوعات کو ترجیح دیں۔
عمر خورشید سہمن نے تاجر برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری کو سمجھیں اور اسرائیلی مصنوعات کی فروخت بند کرکے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور کاروبار میں ایسی مصنوعات کے استعمال سے مکمل گریز کریں تاکہ دشمن کی معیشت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔