اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) جھانگڑہ انٹرچینج پر پیش آنے والے افسوسناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور معراج حسین کی نقدی اور قیمتی اشیاء ایمانداری کے ساتھ ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے ایک بار پھر دیانت داری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق، 7 اگست 2024 کو جھانگڑہ انٹرچینج پر پیش آنے والے خوفناک بس حادثے میں بس ڈرائیور معراج حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثے کے وقت ورثاء موقع پر موجود نہ تھے، جس پر ریسکیو 1122 احمد پور شرقیہ کے عملے نے ان کی جیب سے برآمد ہونے والی 33,300 روپے نقدی اور دو بینک اے ٹی ایم کارڈ بطور امانت محفوظ کر لیے۔
آج، 5 مارچ 2025، بروز بدھ، مرحوم کی اہلیہ اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ صادق آباد سے ریسکیو 1122 آفس احمد پور شرقیہ پہنچیں، جہاں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد رفیق اور دیگر عملے کی موجودگی میں نقدی اور دیگر اشیاء ایمانداری کے ساتھ ان کے حوالے کر دی گئیں۔
مرحوم کی اہلیہ نے ریسکیو 1122 کے عملے کی ایمانداری اور دیانت داری کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ عوامی و سماجی حلقوں نے بھی اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہوئے شفافیت اور دیانت داری کو اولین ترجیح دیتا رہے گا۔