اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) چکن سوپ کے نام پر برائلر مرغیوں کے پنجوں اور مضر صحت اجزاء سے تیار شدہ مصالحہ دار پانی عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ شہریوں نے محکمہ صحت اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں جگہ جگہ چکن سوپ کی ریڑھیاں لگ گئی ہیں، جن پر غیر معیاری اور مضر صحت اجزاء سے تیار کردہ سوپ فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سوپ میں اجینو موتو اور دیگر خطرناک کیمیکلز شامل کیے جاتے ہیں، جو فوری طور پر پیٹ اور دیگر بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

مزید یہ کہ باسی مچھلیوں اور خشک میوہ جات کو تازہ ظاہر کرکے فروخت کیا جا رہا ہے، جو عوام کے ساتھ کھلی دھوکہ دہی ہے۔ شہریوں محمد عابد، محمد عامر، یونس ارشاد، اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں چند نمائشی کارروائیوں کے بعد خاموش ہیں اور صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی فوری ایکشن لے اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرے تاکہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔

Shares: