اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) چنی گوٹھ روڈ پر احمد پور ٹول پلازا کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 10 سالہ بچہ دل حسن نہاتے ہوئے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیروز پمپ کے قریب ایک خاتون کپڑے دھونے میں مصروف تھی جبکہ اس کا بیٹا دل حسن جس کی عمر 10 سال تھی قریبی ٹیوب ویل کے تالاب میں نہا رہا تھا۔ کھیلتے ہوئے بچہ گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔

قریبی افراد نے جب بچے کو پانی میں نہ پایا تو تلاش شروع کی، جس کے بعد لواحقین نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے نکال لیا۔ ریسکیو 1122 کو فوری اطلاع دی گئی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر بچے کو طبی امداد دی اور مصنوعی سانس (سی پی آر) دے کر ہوش میں لانے کی کوشش کی۔ تاہم حالت نازک ہونے پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

بچے کی ناگہانی موت پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ ورثا شدت غم سے نڈھال ہو گئے۔

Shares: