اوچ شریف: چوکی مقبول شہید کی غیر فعال عمارت جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہ بن گئی
اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان ) چوکی مقبول شہید کی غیر فعال عمارت جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہ بن گئی
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے علاقے ہیڈ پنجند روڈ پر واقع چوکی مقبول شہید کی غیر فعال عمارت جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہ بن چکی ہے۔ یہ عمارت جو ماضی میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی تھی اب غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز بن گئی ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق چوکی کی عمارت میں گذشتہ چند ہفتوں سے مشتبہ افراد کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو چکی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث یہ عمارت جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ ٹھکانہ بن چکی ہے، جہاں مختلف غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس عمارت کی جلد بحالی نہ کی گئی تو جرائم کی شرح مزید بڑھ سکتی ہے اور عوام کی حفاظت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ مقامی افراد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ چوکی مقبول شہید کو دوبارہ فعال کیا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام ممکن ہو اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
شہریوں نے کہا کہ اس عمارت کی بحالی سے نہ صرف علاقے میں امن و سکون کی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ پولیس اور دیگر حکومتی اداروں کے لیے جرائم کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم عوام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔