اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر میں غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سبزی فروش، ریڑھی بان، پھیری فروش اور فقیروں نے میگا فون اور اسپیکر کے ذریعے شور مچایا ہوا ہے، جس سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔
مرکزی چوک الشمس، ٹینکی چوک، حسینی چوک، صدر بازار اور گلی محلوں میں صبح سے شام تک اونچی آواز میں اشیاء فروخت کی ریکارڈنگز چلائی جاتی ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ایمپلی فائر ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ شہریوں کی نجی زندگی اور سکون بھی متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مریض، طلباء اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، گھروں میں بزرگ اور بیمار آرام نہیں کر سکتے، اور بچوں کی تعلیم میں خلل پڑ رہا ہے۔
شہر کے اکثر علاقوں میں کباڑیہ، فروٹ فروش، آئس کریم فروش اور بھکاری مافیا نے لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال معمول بنا رکھا ہے۔
عوامی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے بتایا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اس غیر قانونی عمل کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمپلی فائر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، تاکہ شہر کے باسی سکون سے زندگی گزار سکیں۔








