اوچ شریف: غیر قانونی پٹرول پمپوں کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد سیل

یہ پمپ اور شاپس نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ ان سے انسانی جانوں کو بھی خطرہ ہے,نوید بلوچ

اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان)ضلع بہاولپور کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سول ڈیفنس نے اوچ شریف میں غیر قانونی طور پر چلنے والے پٹرول پمپوں اور ایل پی جی ریفلنگ شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے گزشتہ روز اوچ شریف کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد دوکانیں سیل کر دیں۔ ان دوکانوں میں غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کیا جا رہا تھا اور ایل پی جی سلنڈر ریفل کیے جا رہے تھے۔

سول ڈیفنس کے چیف انسٹرکٹر نوید بلوچ نے بتایا کہ یہ کارروائی ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپوں اور ایل پی جی شاپس کے خلاف شروع کی گئی کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پمپ اور شاپس نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ ان سے انسانی جانوں کو بھی خطرہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے کہا ہے کہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں سے نہ صرف حکومت کو مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ عام شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی پمپوں سے پٹرول نہ خریدیں اور اگر انہیں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ملتی ہے تو فوری طور پر سول ڈیفنس یا پولیس کو اطلاع دیں۔

Leave a reply