اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبے کے مزدور طبقے کے لیے اعلان کردہ تاریخ کے سب سے بڑے ماہانہ راشن کارڈ پروگرام کو اوچ شریف کے محنت کش طبقے کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ مقامی مزدوروں، ریڑھی بانوں، رکشہ ڈرائیوروں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد نے اس فیصلے کو اپنے لیے ایک "بڑا سہارا” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے ان مشکل حالات میں حکومت پنجاب کا یہ اقدام ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

اوچ شریف کے مزدور رہنما محمد اسلم، عبد العزیز اور صفدر حسین نے متفقہ طور پر کہا کہ "ہم روزانہ کماتے ہیں اور اسی سے ہمارا گزر بسر ہوتا ہے، مہینے کے آخر تک گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہو جاتا ہے، لیکن اب راشن کارڈ کے ذریعے ہمیں کم از کم بنیادی غذائی اجناس میسر آئیں گی، جو ہمارے بچوں کی بھوک مٹانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔”

ایک خاتون محنت کش (ش، م) بی بی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں نہ کوئی حکومتی امداد ملتی ہے اور نہ ہی کوئی وظیفہ، لیکن یہ راشن کارڈ ہمارے جیسے غریب لوگوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ صاحبہ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔”

اوچ شریف کی سماجی تنظیموں اور مزدور یونینز نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس راشن کارڈ اسکیم کو شفاف طریقے سے نافذ کیا گیا تو یہ پنجاب کی سماجی بہبود کی پالیسی کے لیے ایک کامیاب مثال بن سکتی ہے۔ مقامی سطح پر اس پروگرام کے بارے میں آگاہی اور رجسٹریشن کے عمل کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

یہ عوامی ردعمل واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ پنجاب حکومت کی یہ نئی اسکیم زمینی سطح پر عام لوگوں کی ضروریات کے عین مطابق ہے اور حقیقی فلاحی تبدیلی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

Shares: