اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کچرے کا ڈھیر،شہر کا چہرہ داغدار،شہریوں کی صحت اور ماحول خطرے سے دوچار،ویسٹ مینجمنٹ بنانے کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق تاریخی و ثقافتی شہرِ اولیاء اوچ شریف میں کچرے کے بڑھتے ہوئے ڈھیر نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں میں پھیلے ہوئے کچرے نے نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو داغدار کیا ہے بلکہ عوامی صحت کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن گیا ہے۔
شہریوں عبد اللہ عبد الحمید علی خان محمد عمران محمد رفیق طاہر حسین عابد حسین کا کہنا ہے کہ کچرے کے ڈھیروں سے نکلنے والی بدبو اور مچھروں کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندگی کے ڈھیروں کی صورت میں بچے اور بزرگ اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔اس مسئلے نے نہ صرف شہر کی صحت بلکہ سیوریج کے نظام کو بھی متاثر کیا ہے۔
کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہو رہا ہے جس سے بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اوچ شریف میں ایک موثر ویسٹ مینجمنٹ نظام قائم کریں تاکہ شہر کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھا جا سکے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے کو جلد از جلد حل نہ کیا گیا تو اس کے منفی اثرات نہ صرف شہریوں کی صحت پر بلکہ شہر کی شناخت پر بھی مرتب ہوں گے۔