اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولپور کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے اوچ شریف میں مضر صحت اور ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو ہزار سے زائد ساشے موقع پر ضبط کر کے تلف کر دیے۔ کارروائی کے دوران کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور متعدد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق گٹکا محض ممنوعہ نہیں بلکہ زہریلا مواد ہے جو نوجوان نسل کو کینسر جیسی مہلک بیماریوں میں مبتلا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا: "اوچ شریف میں اب کوئی گٹکا فروش محفوظ نہیں، جہاں گٹکا ہوگا وہاں فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ ہوگا!”

کریک ڈاؤن کے دوران صرف گٹکا ہی نہیں بلکہ ناقص صفائی، زائدالمیعاد اشیاء، ملاوٹ شدہ مصالحہ جات اور غیر معیاری خوردنی سامان کی بھی نشاندہی کی گئی، جن پر فوری جرمانے اور انتباہی نوٹس جاری کیے گئے۔

فوڈ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ گٹکا فروخت اب "سرعام جرم” تصور کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف FIR درج کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ یہ پیغام نہ صرف گٹکا فروشوں بلکہ ان کے سہولت کاروں اور ذخیرہ اندوزوں کے لیے بھی ہے کہ اب قانون حرکت میں آ چکا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اوچ شریف کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ممنوعہ اشیاء کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 یا فوڈ اتھارٹی کی موبائل ایپ کے ذریعے دیں، تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا سکے۔

Shares: