اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر رمضان المبارک میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ کے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے۔

اس دوران انہوں نے پھل، سبزی، کریانہ اور دیگر اشیائے خوردونوش کی دکانوں کا معائنہ کیا اور نرخ ناموں اور اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صارفین سے بھی گفتگو کی اور اشیاء کی مقررہ نرخ پر فروخت کے بارے میں دریافت کیا۔

اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ مقررہ نرخ پر فروخت کی جائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین سے کہا کہ اگر کوئی دکاندار ریٹ لسٹ سے زیادہ نرخ پر اشیاء فروخت کرتا ہے تو وہ فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔

انہوں نے پل جھانگرہ غربی، اوچ شریف شہر چوک بختیاری، شمس چوک، خرم پور سمیت مختلف علاقوں میں سبزی، فروٹ اور دودھ دہی فروشوں کا معائنہ کیا۔ سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، گراں فروشی اور زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

Shares: