اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) ڈینگی مہم کے فوکل پرسن اور ہیلتھ انسپکٹر عمران حیدر سیال کی جانب سے ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے سروس اسٹیشنز پر بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بسم اللہ سروس اسٹیشن سمیت متعدد مقامات پر اچانک چھاپے مارے گئے، جہاں کھڑے پانی، ناقص صفائی اور انتظامی غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔

ہیلتھ انسپکٹر نے موقع پر موجود عملے کو واضح ہدایت دی کہ فوری طور پر کھڑے پانی کا خاتمہ کیا جائے اور تمام متاثرہ جگہوں پر موبائل آئل کا اسپرے یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا ہر ممکنہ خطرہ ختم کیا جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران حیدر سیال نے کہا کہ ڈینگی ایک سنجیدہ اور جان لیوا مسئلہ ہے، جس پر کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر صفائی کے انتظامات میں کوتاہی پائی گئی تو متعلقہ افراد کو نہ صرف بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے، اور اس مشن میں عوام، اداروں اور تمام متعلقہ فریقین کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی۔

عمران حیدر سیال کا کہنا تھا کہ یہ جنگ صرف محکمہ صحت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کی یہ بھرپور کارروائی شہریوں میں ایک مثبت پیغام کا باعث بنی ہے کہ اب غفلت اور لاپرواہی کے دن گزر چکے ہیں، اور صحتِ عامہ سے کھیلنے والے عناصر کے گرد قانون کا شکنجہ مزید سخت کر دیا جائے گا۔

Shares: