اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) موٹروے ایم فائیو پر تیز رفتاری کے خلاف نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شجاع آباد کے قریب بیٹ 23 میں تیز رفتاری کے دو واقعات پیش آئے، جس پر موٹروے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو گاڑیوں کے ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں گاڑیاں مقررہ حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرتے ہوئے 154 اور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہی تھیں۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ، زونل کمانڈر دار علی خٹک اور سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا سرفراز ناصر کی ہدایات پر اوور سپیڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
جدید انٹیلی جینس سسٹم (ITS) کے ذریعے ان گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد انسپکٹر عامر سردار اور ٹائیگر-3 کے افسران نے شجاع آباد انٹرچینج کے قریب ان گاڑیوں کو روک کر ڈرائیورز کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ڈرائیورز میں ایک کا تعلق لاہور جبکہ دوسرے کا گھوٹکی سے ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق، تیز رفتاری کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی حامل گاڑیوں کے خلاف بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔ سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا سرفراز ناصر نے کہا کہ تیز رفتاری سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔










