اوچ شریف: سیوریج کے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت، عوام میں تشویش
اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں سیوریج کے گندے پانی سے بڑے پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا انکشاف ہوا ہے۔ اس مضر صحت سبزیوں کو مقامی سطح پر استعمال کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی سپلائی کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقے کے لوگ اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر شدید پریشان ہیں اور اسے انسانی صحت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق حسینی چوک اور اس کے گرد و نواح کے رقبے پر سیوریج کے گندے پانی سے سبزیاں کاشت کی جا رہی ہیں۔ یہاں اگائی جانے والی سبزیوں کو اوچ شریف کے مختلف بازاروں میں فروخت کے لیے بھیجا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں عوام ان مضر صحت سبزیوں کے کھانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سبزیوں کے استعمال سے متعدد خطرناک امراض جیسے کہ ہیپاٹائٹس، معدے کے امراض اور جلدی مسائل میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تشویش کی بات یہ ہے کہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی جانب سے کاشتکاروں کو گندے پانی کی سپلائی پر مبینہ طور پر معاوضہ بھی وصول کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے بلاخوف و خطر سیوریج کا پانی فصلوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عمل سرکاری افسران کی چشم پوشی اور عدم توجہی کے سبب جاری ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے اقدامات کی سخت کمی ہے۔
اوچ شریف کے باشعور عوام نے اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر فوری پابندی عائد کی جائے اور میونسپل کمیٹی کو گندے پانی کی فراہمی کے حوالے سے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ علاوہ ازیں عوامی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور مضر صحت سبزیوں کی فروخت کے سلسلے کو روکا جائے۔
شہریوں کی جانب سے اس سنگین معاملے پر جلد اقدامات نہ کیے جانے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے تاکہ حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔