ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا رات گئے اوچ شریف میں ہسپتال اور شہر کا اچانک دورہ

اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے رات گئے رورل ہیلتھ کمپلیکس اوچ شریف کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر نائٹ شفٹ کے انچارج ڈاکٹر شاہد قریشی، ایم ایس ڈاکٹر رانا ارشد اور دیگر عملے سے ملاقات کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، ادویات کی فراہمی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ حاضری رجسٹر بھی چیک کیا گیا تاکہ عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس دوران ڈاکٹر فرحان فاروق نے شہر کے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا، جن میں الشمس چوک کا معائنہ قابل ذکر ہے۔ میونسپل کمیٹی کے سپروائزر عامر تبسم اور آفاق علی نے انہیں مین سڑک کی کشادگی، ریڑھی بانوں کی منتقلی، تجاوزات کے خاتمے اور گرین بیلٹ کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کو ہدایات جاری کیں کہ عوامی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے اور تجاوزات کے خاتمے کے عمل کو تیز کیا جائے۔

Comments are closed.