اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ذوالحج کا چاند نظر آتے ہی اوچ شریف میں موسمی قصابوں کی سرگرمیاں تیز ہو گئیں، جو گھر گھر جا کر ایڈوانس بکنگ کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم ماضی کے خراب تجربات کے باعث شہری ان کی خدمات لینے سے کترانے لگے ہیں۔
اس کے برعکس پروفیشنل اور تربیت یافتہ قصابوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور وہ قربانی کے عمل میں وی وی آئی پی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اب صرف انہی قصابوں پر اعتماد کریں گے جو تجربہ اور مہارت رکھتے ہوں تاکہ قربانی کا عمل شرعی تقاضوں کے مطابق بخوبی انجام پائے۔
پروفیشنل قصابوں نے بھی بکنگ شروع کر دی ہے، بعض جانور کی جسامت اور قیمت دیکھ کر اجرت طے کر رہے ہیں تاکہ دونوں طرف شفافیت برقرار رہے۔ شہریوں کے مطابق گزشتہ برس سوشل میڈیا پر موسمی قصابوں کی ناقص کارکردگی کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جس کے بعد اب وہ کسی قسم کا رسک لینے کو تیار نہیں۔
اوچ شریف کے عوام قربانی کے اس مقدس فریضے کے لیے مہارت رکھنے والے قصابوں کو ترجیح دے رہے ہیں، چاہے اس کے لیے انہیں قربانی کے عمل میں تاخیر ہی کیوں نہ برداشت کرنا پڑے۔








