اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) ورلڈ ڈینگی ڈے کے عالمی دن کے موقع پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال (THQ) احمد پور شرقیہ میں ڈینگی بخار سے بچاؤ اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک بیداری واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔ آگاہی واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر نے کی، جبکہ فوکل پرسن برائے ڈینگی اور انسپکٹر عمران حیدر سیال، اسپتال کے ایم ایس، محکمہ صحت کے اہلکار، بلدیاتی اداروں کے نمائندے، اسکولوں کے طلبا، ٹیچرز اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

واک کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی کے خلاف احتیاطی تدابیر، صفائی ستھرائی کی اہمیت، اور اجتماعی ذمہ داریوں سے متعلق مؤثر پیغامات درج تھے۔ "صاف ماحول، محفوظ زندگی”، "پانی کھڑا نہ ہونے دیں”، "ڈینگی سے بچاؤ آپ کے ہاتھ میں ہے” جیسے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی ایک خطرناک مگر مکمل طور پر قابلِ تدارک بیماری ہے، جس کے خلاف احتیاط ہی سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو گھروں اور دفاتر میں پانی کھڑا نہ ہونے دینا چاہیے، گملوں، کولروں، پرانے ٹائروں، اور کھلی جگہوں پر موجود پانی کے ذخائر کو صاف رکھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ یہی ڈینگی مچھر کی افزائش گاہیں بنتی ہیں۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی لیڈرز سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو اس حوالے سے تربیت دیں اور گھروں کے ساتھ ساتھ محلوں میں بھی صفائی کا عمل یقینی بنائیں۔

فوکل پرسن ڈینگی عمران حیدر سیال نے واک کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں سرگرمِ عمل ہیں، ہر مشتبہ علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے، اور جہاں بھی ڈینگی لاروا کی موجودگی کا شبہ ہو وہاں فوری طور پر اسپرے اور انسدادی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی ابتدائی علامات میں بخار، جسم درد، آنکھوں کے پیچھے درد، اور تھکن شامل ہیں، لہٰذا ان علامات کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کیا جائے۔

اس آگاہی واک کا مقصد عوام میں خوف کی بجائے شعور پیدا کرنا، احتیاطی تدابیر کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا، اور محکمہ صحت کی کوششوں کو عوامی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔ واک کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے گھروں اور محلوں کو صاف رکھیں گے، دوسروں کو بھی صفائی کی تلقین کریں گے، اور ڈینگی کے خلاف اس مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔

Shares: