اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان ) 17 سالہ لڑکی کا نہر میں ڈوبنے کا ڈرامہ، حقیقت میں زندہ برآمد، والدین اور ریسکیو کا وقت اور وسائل ضائع
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اوچ شریف میں ایک 17 سالہ لڑکی (ع) نے نہر میں ڈوبنے کی افواہ پھیلا کر والدین، ریسکیو ٹیموں اور مقامی انتظامیہ کو سخت مشکلات میں ڈال دیا۔ لڑکی کے نہر میں کودنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 نے اندھیراچھاجانے تک کشتی آپریشن اور پانی میں غوطہ خوری جاری رکھی۔ سرد موسم میں غوطہ خوروں نے جانفشانی سے لڑکی کو تلاش کرنے کوشش کی اس دوران ایمبولینس اور دیگر ریسکیو عملہ بھی موقع پر موجود رہا۔ تاہم یہ آپریشن اس وقت بے نتیجہ ثابت ہوا جب مقامی پولیس نے لڑکی کو ایک دور دراز علاقے سے زندہ حالت میں برآمد کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی مبینہ طور پر اپنے عاشق کے ساتھ فرار ہوگئی تھی مگر بزدل عاشق نے اسے اکیلا چھوڑ کر بھاگنے میں عافیت جانی۔ مزید یہ کہ ذرائع کے مطابق مذکورہ لڑکی نے نہر میں گرنے کی جھوٹی اطلاع دینے کے لیے اپنی سہیلی کو بھی اس جھوٹ پر آمادہ کیا اور ایک من گھڑت کہانی ترتیب دی تاکہ مبینہ طور پر اس کا اغوا یا غائب ہونا کسی اور زاویے سے دکھایا جاسکے۔
ریسکیو آپریشن پر عوامی وسائل اور وقت کے ضیاع پر مقامی لوگوں نے شدید ردِ عمل دیا ہے۔ اس جعلی ڈرامے کی وجہ سے حکومتی ذرائع کے مطابق تقریباً ایک لاکھ روپے کا خرچ ہوا اور ریسکیو عملہ شدید مشکلات کا سامنا کرتا رہا۔ انتظامیہ اور عوام نے اس واقعے کے سدباب اور مستقبل میں جھوٹے دعووں کو روکنے کے لیے مؤثر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔








