اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)موٹر وے ایم 5 پر تیز رفتاری کا جنون ایک ڈرائیور کو مہنگا پڑ گیا۔ موٹروے پولیس نے بیٹ نمبر 25 پر کارروائی کرتے ہوئے بدرالدین نامی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو 161 کلومیٹر فی گھنٹہ کی خطرناک رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق بدرالدین کی تیز رفتاری نہ صرف قانون کی خلاف ورزی تھی بلکہ دیگر مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ تھی۔ موٹروے پر لائٹ وہیکلز کی رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔

بدرالدین کی گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے میں بند کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار پر گاڑی چلانے والوں کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

موٹروے پولیس کا یہ اقدام تیز رفتاری کے خلاف ایک واضح پیغام ہے جس کا مقصد سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔

Shares: