اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران مرغن اور تلی ہوئی اشیاء کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف کے ایم ایس ڈاکٹر محمد ارشد رانا نے روزہ داروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ متوازن اور ہلکی غذا کا انتخاب کریں، خاص طور پر بلڈ پریشر اور دل کے مریضوں کو چکنائی اور تلی ہوئی اشیاء سے گریز کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر محمد ارشد رانا کے مطابق، روزے کے دوران پانی کی کمی اور پیاس کی شدت کو کم کرنے کے لیے دہی، لسی اور گھر کے بنے قدرتی مشروبات مفید ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افطار میں تازہ پھل، سبزیاں، چنا چاٹ اور کم تیل میں پکے کھانے کو ترجیح دی جائے تاکہ روزہ دار چاک و چوبند رہ سکیں۔ ہلکے مصالحے اور متوازن خوراک جسمانی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ رمضان المبارک کے دوران اپنی غذا میں اعتدال رکھیں تاکہ یہ بابرکت مہینہ نہ صرف روحانی بلکہ جسمانی طور پر بھی فائدہ مند ثابت ہو۔

Shares: