اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)عید قربان کی رونقیں عروج پر، مہنگائی نے غریب طبقے کی قربانی کو خواب بنا دیا
عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی اوچ شریف اور گردونواح کی مویشی منڈیوں میں رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کے باسی سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ مویشی منڈیوں میں بکرے، بچھڑے، گائیں، بیل اور بھینسیں خریدنے کے لیے ہر عمر اور طبقے کے افراد کا رش لگنا شروع ہو گیا ہے۔
بچوں کا جوش دیدنی ہے، جو اپنے پسندیدہ جانوروں کے ساتھ تصویریں بنوانے اور ان کا خیال رکھنے میں پیش پیش ہیں۔ خریداروں کے چہروں پر سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کی خوشی عیاں ہے، وہیں بیوپاری بھی اپنی محنت کے ثمر سے مطمئن نظر آتے ہیں۔
تاہم ایک طرف جہاں عید کی خوشیاں ہیں، وہیں دوسری طرف مہنگائی نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ رکھی ہے۔ مویشیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس کے باعث کئی افراد اس سال قربانی کی سنت ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ ایک مقامی شہری محمد اشرف نے بتایا، "پچھلے سال میں نے دو بکرے لیے تھے، اس سال ایک بھی لینا مشکل ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے سب کچھ بدل دیا ہے۔”
اسی طرح ایک رکشہ ڈرائیور رمضان بلوچ کا کہنا تھا، "سنتِ ابراہیمی ہر مسلمان کا جذبہ ہے، مگر اس بار صرف دیکھنے آیا تھا، خریدنے کی سکت نہیں رہی۔”
دوسری جانب اوچ شریف کے سماجی حلقوں اور فلاحی اداروں نے اجتماعی قربانی کی مہمات کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ وہ افراد جو انفرادی قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے، اجتماعی قربانی کے ذریعے اپنا حصہ ڈال سکیں۔ عید قربان کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ امید ہے کہ صاحب استطاعت افراد اپنے کمزور بھائیوں کا بھی خیال رکھیں گے، تاکہ خوشیوں کا یہ تہوار سب کے لیے یکساں خوشی کا پیغام بن سکے۔








