اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے ترنڈ بشارت میں واقع ضلع کونسل ہیلتھ ڈسپنسری کے قریب نصب بجلی کا خستہ حال کھمبا اہلِ علاقہ کے لیے ایک مستقل جان لیوا خطرہ بن چکا ہے۔ سیمنٹ اور بجری سے بنا یہ کھمبا بری طرح شکست و ریخت کا شکار ہے، جس کے اندر سے آہنی سریے ظاہر ہو چکے ہیں۔ یہ نہ صرف بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ بن سکتا ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق کھمبا طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، مگر محکمہ واپڈا اور متعلقہ اداروں نے تاحال کوئی مرمتی کارروائی نہیں کی۔ درجنوں خواتین، بچے اور بزرگ روزانہ اس خطرناک کھمبے کے قریب سے گزرتے ہیں، اور کسی بھی لمحے بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اس خستہ حال کھمبے کو تبدیل کیا جائے یا مرمت کی جائے، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی حادثہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔