اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)اسسٹنٹ کمشنر نوحید حیدر کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اہم اجلاس تحصیل احمد پور شرقیہ میں منعقد ہوا، جس میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

اجلاس میں ڈینگی وائرس کی روک تھام، عوامی آگاہی، مانیٹرنگ اور انسداد کے حوالے سے جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اس اہم اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، میونسپل کمیٹی، سماجی بہبود، پبلک ہیلتھ، آبپاشی، ماحولیات، واپڈا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد تحصیل بھر میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو مؤثر حکمت عملی کے تحت روکنا اور فوری عملی اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر نوحید حیدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اداروں کو ایک مشترکہ اور مربوط حکمت عملی کے تحت متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تحصیل کے تمام تعلیمی اداروں، اسپتالوں، سرکاری دفاتر، قبرستانوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی باقاعدگی سے کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر نوحید حیدر نے عوامی آگاہی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر اس خطرناک وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے، فیلڈ وزٹ کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کی غفلت برتنے پر سخت قانونی کارروائی کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں شریک تمام محکموں کے افسران نے اسسٹنٹ کمشنر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل احمد پور شرقیہ کو ڈینگی فری بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال میں لایا جائے گا۔

Shares: