اوچ شریف:فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی ریلی، عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید

اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں مولانا محمد شاہ جرار کی قیادت میں فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی الشمس چوک میں ہوئی جس میں مذہبی جماعتوں، شہریوں، نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے فلسطینی عوام کی حمایت میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "فلسطینیوں کی آزادی ہمارا حق” اور "فلسطین کا مسئلہ، ہمارا مسئلہ” جیسے نعرے درج تھے۔ نعرے بازی کے ساتھ، شرکاء نے فلسطینی عوام کی قربانیوں کو سراہا اور عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کی۔

مولانا محمد شاہ جرار نے اپنے خطاب میں کہا، "یہ وقت ہے کہ ہم سب یکجا ہو کر فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز اٹھائیں۔ ہمیں ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔” انہوں نے اسلامی ممالک کو فلسطین کے حقوق کے لیے متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

ریلی میں موجود سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عزم ظاہر کیا اور پاکستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی حقوق کی حمایت میں عملی اقدامات کرے۔

ریلی کے اختتام پر فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی، تاکہ عالمی برادری کو یہ باور کرایا جائے کہ فلسطین کا مسئلہ انسانی حقوق کا اہم ترین مسئلہ ہے جس پر خاموشی اختیار کرنا ناقابل قبول ہے۔

Comments are closed.