اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)سقوط ڈھاکہ اور اے پی ایس کے شہداء کا غم آج بھی دلوں میں زندہ
تفصیل کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحے کو 10 برس گزر جانے کے باوجود، شہداء کا غم پاکستانی عوام کے دلوں میں آج بھی تازہ ہے۔ اوچ شریف کے سینئر صحافیوں احمد حسن اعوان، خواجہ غلام شبیر، میاں محمد عامر صدیقی، ارشاد احمد شاد، حبیب اللہ خان، اظہر اقبال مغل، نعیم احمد ناز اور شفیق انجم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ شہداء کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
16 دسمبر 2014 کے سانحے کی برسی کے موقع پر اوچ شریف سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی، قرآن خوانی، اور دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں میں عوام، اسکولوں، اور اداروں کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک دن ہے، جس میں 1971 کو سقوط ڈھاکہ اور 2014 کو اے پی ایس کے سانحے جیسے تلخ واقعات شامل ہیں۔ اے پی ایس حملے میں 141 معصوم جانیں ضائع ہوئیں، جن میں اکثریت بچوں کی تھی، جبکہ 121 افراد شدید زخمی ہوئے۔ مبصرین کے مطابق یہ دہشت گردانہ کارروائی آپریشن ضرب عضب کے خلاف ردعمل تھی۔
یہ سانحہ پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے اور جدوجہد جاری رکھنے کا درس دیتا ہے۔ شہداء کی قربانیوں نے قوم کے عزم کو مزید مضبوط کیا اور اس جدوجہد میں ایک نئی روح پھونکی، جو آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں ہے۔








