اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان ) فیملی پارک گدھوں کی چراگاہ بن گیا،انتظامیہ کی آنکھیں بند
اوچ شریف کے فیملی پارک کی حالت زار پر ایک نظر ڈالی جائے تو یہ پارک اب تفریح گاہ کے بجائے گدھوں کی چراگاہ بن چکا ہے۔ مقامی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پارک میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، جس کے باعث پارک میں گندگی کے ڈھیر اور بدبو پھیل رہی ہے۔
شہریوں کی شکایات کے مطابق، پارک کے گراسی گراؤنڈ میں قریبی مکینوں نے گدھوں کو باندھ دیا ہے، جو کھلے عام وہاں چرتے نظر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ پارک میں گندے پانی کے جوہڑ اور کچرے کے ڈھیر بھی موجود ہیں، جس سے پارک کا ماحول انتہائی غیر صحت بخش ہو چکا ہے۔
پارک میں فوارے بھی برسوں سے غیر فعال ہیں اور آوارہ کتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو چکا ہے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مقامی افراد نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پارک کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ وہ فیملی پارک کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں اور اس کی صفائی اور بحالی کے لیے اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ پارک کی بحالی سے نہ صرف شہریوں کو تفریح کا موقع ملے گا بلکہ علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔








