اوچ شریف ( باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ پہوڑاں والا پتن کے قریب پانی تیز رفتاری سے رہائشی بستیوں میں داخل ہو گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 100 سے زائد مکانات اور ایک سرکاری اسکول مکمل طور پر پانی کی زد میں آ چکے ہیں جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہی کے خطرے سے دوچار ہیں۔
دیہاتی اپنے مویشی اور سامان محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، تاہم کئی خاندان اب بھی متاثرہ علاقوں میں محصور ہیں۔
مقامی افراد نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری امدادی کارروائیوں، ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی اور ریلیف کیمپوں کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو جانی و مالی نقصان میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔