اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف شہر کی مرکزی شاہراہ گرڈ اسٹیشن روڈ مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جہاں روزانہ سینکڑوں شہری اور واپڈا ملازمین اذیت ناک سفر پر مجبور ہیں۔ گہرے گڑھوں، اکھڑی ہوئی تارکول، کیچڑ اور گردوغبار سے بھرے اس واحد راستے نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔
یہ سڑک واپڈا دفتر اور گرڈ اسٹیشن کی جانب جانے والی اہم گزرگاہ ہے جہاں روزانہ نہ صرف ملازمین آتے ہیں بلکہ عوام بجلی کے بل، میٹر تبدیلی اور شکایات کے لیے بھی اسی سڑک پر سفر کرتے ہیں۔ سڑک کی بربادی کے باعث موٹر سائیکل سوار آئے روز گر کر زخمی ہو رہے ہیں، گاڑیاں پنکچر ہو رہی ہیں، رکشے اُلٹ رہے ہیں، اور بارش کے بعد گڑھے خطرناک حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔
واپڈا اہلکاروں اور شہریوں نے متعدد بار متعلقہ اداروں کو درخواستیں دیں، سوشل میڈیا پر تصاویر و ویڈیوز وائرل کیں، مگر بلدیاتی ادارے اور عوامی نمائندے مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر گرڈ اسٹیشن روڈ کی مرمت یا ازسرنو تعمیر شروع نہ کی گئی تو یہ سڑک صرف خستہ حال نہیں بلکہ حکومتی غفلت کی علامت بن جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور نو منتخب نمائندوں سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔