اوچ شریف (باغی ٹی وی) پسماندہ علاقے اوچ شریف کے ہونہار طالبعلم حافظ محمد زکریا نے کراچی میں منعقدہ عظیم الشان "منزل مسابقہ” میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اس کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شہر اوچ شریف کے لیے فخر کا موقع فراہم کیا۔
یہ مقابلہ مدرسہ صدیقیہ، جامع مسجد صدیق اکبر، اسکاؤٹ کالونی، گلشنِ اقبال میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے حفظِ قرآن کے متعدد طلبہ نے شرکت کی۔ حافظ محمد زکریا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی، جو ان کی محنت، لگن اور قرآن سے گہری وابستگی کا مظہر ہے۔
حافظ محمد زکریا ایک علمی اور دینی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ اوچ شریف میں واقع مدرسہ عربیہ امیر المدارس کے مدیرِ اعلیٰ قاری محمد صادق کے پوتے ہیں۔ ان کی اس کامیابی پر نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شہر اوچ شریف میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس موقع پر حافظ محمد زکریا کے خاندان کے بزرگ حاجی جندوڈہ خان، رسول بخش خان، قاری محمد رمضان عثمانی، محمد ظفر خان، قاری مجیب الرحمٰن، محمد بابر علی صدیقی، قاری سیف اللہ اور مولانا سمیع اللہ عثمانی نے ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، عزم اور ایمان کے ساتھ کوئی بھی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔
حافظ محمد زکریا کی اس شاندار کامیابی پر ان کے والدین، اساتذہ اور اوچ شریف کے شہریوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد دی۔ ان کی جیت نے نہ صرف قرآن کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ نوجوانوں کے لیے یہ پیغام بھی دیا کہ لگن اور محنت کے ساتھ ہر مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔








