اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب عوام کے لیے اپنا ذاتی گھر بنانے کا خواب ادھورا کر دیا۔ سیمنٹ، سریا، بجری اور اینٹوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس کے باعث تعمیراتی کام ٹھپ ہو گئے ہیں، اور عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے زندگی مشکل بنا دی تھی، اور اب تعمیراتی مواد کی قیمتوں میں اضافے نے امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ سیمنٹ اور سریا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھر بنانا متوسط طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت بنا دیا ہے، جبکہ اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی نے مسائل کو دوگنا کر دیا ہے۔

ایک شہری نے شکایت کرتے ہوئے کہا، "حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام اپنا گھر بنانے کے خواب کو ترک کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ وقت ہے کہ حکومت فوری طور پر تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ غریب اور متوسط طبقہ اپنی چھت کے خواب کو حقیقت میں بدل سکے۔”

شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور غریب عوام کے لیے سستی چھت مہیا کرنے کے لیے تعمیراتی مواد کی قیمتوں میں کمی لائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنا گھر بنانا اب ایک سہانا خواب بن کر رہ گیا ہے، اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ خواب ہمیشہ کے لیے معدوم ہو سکتا ہے۔

Shares: